قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے دیامیر بھاشا ڈیم اور رواں پن بجلی منصوبوں کی فوری تکمیل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ صوبے میں بجلی کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے شانگلہ کے علاقے شاہ پور میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروں منظور احمد،فضل سبحان،محمد گل،سردار علی،ملتان خان،شیرعالم خان،احمد مولوی صاحب،جھانزیب اور سردار خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔جلسہ عام سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ،ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی بخت بیدار خان، قومی وطن پارٹی ملاکنڈ زون کے چیئرمین فضل رحمان نونواور ضلع شانگلہ کے چیئرمین متوکل خان ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔اجتماع سے خطاب کے دوران سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے 90ملین روپے کی لاگت سے سیلاب سے بچاؤ کی سکیموں اورضلع میں رابطہ پلوں کی تعمیرکیلئے 30ملین روپے کا اعلان کیا مزید براں صوبائی وزیر نے جبرال ایریگیشن سکیم کابھی اعلان کیا جس کیلئے فزیبلٹی سٹڈی مکمل کی جا چکی ہے اس منصوبے سے نو سو ایکڑ اراضی سیراب ہو سکے گی اور مذکورہ منصوبے کیلئے آئندہ اے ڈی پی میں 100ملین روپے مختص کئے جائیں گے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب شیرپاؤ نے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کیا اور واضح کیا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت سی پیک منصوبے میں خیبر پختونخوا کو یکسر نظر انداز کرنے کے ساتھ پختونوں کو پسماندگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔انھوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ کیا کہ فاٹا کے انضمام کے حوالے سیاست سے بالاتر ہوکر قبائلیوں کے مفادات کو ترجیح دی جائے۔انھوں نے پختونوں کے اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات وقت کا تقاضا ہے اور ہم نے کئی دہائیوں تک اپنے افغان بھائیوں کی خدمت کی ہے اب ملک دشمن عناصر سازش کے ذریعے ہماری کاوشوں کوضائع کرنا چاہتے ہیں اور پختونوں میں نااتفاقی پھیلانا چاہتے ہیں۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغان مہاجرین کو طویل مہمان نوازی کے بعد مکمل عزت و احترام کے ساتھ رخصت کرنا چاہیے تاکہ کسی قسم کی بدگمانیاں جنم نہ لے سکیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہی شانگلہ کو ضلع کا درجہ دیا تھا اور اب اسے تعمیر و ترقی کی راہ پر بھی گامزن کریں گے۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور اس ضمن میں ہر فورم اور ہر محاذ پر آواز بلند کی جائے گی۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،پشاور زون کے جنرل سیکرٹری کفایت علی ایڈوکیٹ اور محمد نثار خان ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔
No comments:
Post a Comment